فوربس ایڈوائزر کی درجہ بندی میں وینزویلا، پاکستان اور میانمار کے شہروں کو سیاحوں کے لیے خطرناک ترین مقامات کے طور پر نامزد کیا گیا ہے۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق فوربس نے سال 2024 کے لیے دنیا کے 10 سب سے زیادہ خطرناک شہروں کی فہرست جاری کی ہے جس میں اوّل نمبر پر وینزویلا کا شہر کراکس ہے۔
دوسرے نمبر پر پاکستان کا معاشی حب کراچی ہے جس کا اسکور 93.12 رہا جب کہ اوّل نمبر پر آنے والے شہر کراکس کا اسکور 100 ہے اسی طرح 91.67 اسکور کے ساتھ، تیسرے نمبر پر میانمار کا شہر ینگون ہے۔
اس فہرست میں چوتھے نمبر پر نائیجیریا کا لاگوس، پانچویں پر فلپائن کا منیلا، چھٹے پر بنگلادیش کا ڈھاکا، ساتویں نمبر پر کولمبیا کا بگوٹا، آٹھویں پر مصر کا قاہرہ، نویں پر میکسیکو اور دسویں پر ایکواڈور کا کیوٹو ہے۔
خیال رہے کہ یہ فہرست کسی بھی شہر کی درجہ بندی وہاں ہونے والے 7 بڑے خطرات جرائم، ذاتی تحفظ، صحت، بنیادی ڈھانچہ، قدرتی آفات اور ڈیجیٹل سیکیورٹی کی بنیاد پر کی جاتی ہے اور ایک سے 100 تک اسکور دیا جاتا ہے۔
اس کے برعکس جو شہر کم سے کم اسکور حاصل کرپائے انھیں محفوظ ترین شہر قرار دیا گیا جن میں سنگاپور سرفہرست ہے۔ دوسرے نمبر پر ٹوکیو اور تیسرے پر ٹورنٹو ہے۔