نئی دہلی: بھارتی فضائیہ کا لڑاکا طیارہ ریاست مہاراشٹر کے شہر ناسک میں ایک کھیت میں گر کر تباہ ہوگیا جس میں دو پائلٹس موجود تھے۔بھارتی میڈیا کے مطابق انڈین ایئرفورس کے ترجمان نے بتایا کہ لڑاکا طیارے نے بھارتی فضائیہ کے بیس سے معمول کی پرواز کے لیے اُڑان بھری تھی لیکن کچھ ہی دیر بعد طیارے کا کنٹرول ٹاور سے رابطہ منقطع ہوگیا تھا۔طیارے کی تلاش میں جانے والی سرچ ٹیم کو ناسک شہر کے گاؤں شیرسگاؤں کے ایک کھیت سے ملبہ مل گیا۔ طیارے میں آگ لگی ہوئی تھی جسے بجھانے کے لیے فائر بریگیڈ کے عملے کو طلب کیا گیا۔انڈین ایئر فورس کے ترجمان کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ طیارے کے زمین بوس ہونے سے کچھ دیر قبل دونوں پائلٹس نے چھلانگ لگا کر اپنی جانیں بچالی تھیں۔فوجی طیارہ مکمل طور پر جل کر خاکستر ہوگیا۔ ونگ کمانڈر بوکل اور ان کے اسسٹنٹ کمانڈر بسواس کو پیراشوٹ سے گرنے کی وجہ سے معمولی چوٹیں آئیں جنھیں اسپتال میں طبی امداد کی فراہمی کے بعد رخصت دیدی گئی۔تاحال طیارہ حادثے کی وجہ کا تعین نہیں ہوسکا۔ بھارتی حکومت کی جانب سے واقعے کی تحقیقات کے لیے انکوائری کمیٹی تشکیل دیدی گئی۔
148