140

لیاری ٹاؤن میں ناجائز تجاوزات کے خلاف بڑی کارروائی، متعدد تجاوزات ختم

لیاری ٹاؤن میں اسسٹنٹ کمشنر ماجد الطاف کی قیادت میں محکمہ انسداد تجاوزات کی ٹیم نے ایک بڑی کارروائی کرتے ہوئے علاقے میں قائم متعدد ناجائز تجاوزات کو ختم کردیا۔ اس کارروائی کا مقصد عوام کو درپیش مشکلات کا خاتمہ اور راستوں کی بحالی تھا۔

کارروائی کے دوران علاقے کے مختلف مقامات پر غیر قانونی تعمیرات، فٹ پاتھ پر قائم دکانیں، اور دیگر تجاوزات کو ہٹایا گیا۔ ماجد الطاف نے اس موقع پر کہا کہ یہ اقدام شہریوں کے لیے آسانی پیدا کرنے اور عوامی جگہوں کو آزاد کرانے کے لیے کیا گیا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ لیاری ٹاؤن میں تجاوزات کے خلاف کارروائیاں بلا امتیاز جاری رہیں گی۔

ڈائریکٹر وسیم راجپوت اور ڈپٹی ڈائریکٹر صفدر رند محکمہ انسداد تجاوزات ٹی ایم سی لیاری ٹاؤن نے آپریشن میں بھاری مشینری کا استعمال کرتے ہوئے تجاوزات کو ختم کیا، جبکہ کارروائی کے دوران قانون نافذ کرنے والے ادارے بھی موجود رہے تاکہ کسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے نمٹا جا سکے۔

علاقے کے رہائشیوں نے اس اقدام کو سراہا اور امید ظاہر کی کہ مستقبل میں بھی ایسے اقدامات کیے جائیں گے تاکہ عوام کو سہولت فراہم کی جا سکے۔ اسسٹنٹ کمشنر نے مزید کہا کہ ناجائز تجاوزات کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی جائے گی اور تمام اقدامات قانونی دائرے میں رہتے ہوئے کیے جائیں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں