کراچی (پی وی این انٹرنیشنل نیوز ایجنسی رپورٹ) ملک بھر کی طرح شہر قائد میں بھی منگل کو جشن میلاد النبی ﷺ مذہبی عقیدت واحترام سے منایا گیا۔ اس موقع پر سیرت النبیؐ کانفرنسز،محفل میلاد سمیت مذہبی اجتماعات کا انعقاد کیا گیا، شہر بھر میں چھوٹے اور بڑے جلوس اور ریلیاں نکالی گئیں، میلاد مصطفی صلی اللہ علیہ وسلم کا مرکزی جلوس میمن مسجد بولٹن مارکیٹ سے مولانا سید عبدالحق قادری کی سرپرستی میں برآمد ہوا، گورنرسندھ کامران خان ٹیسوری اور وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے صوبائی وزراء کے ہمراہ مرکزی جلوس میں شرکت کی۔اس موقع پر وزیراعلی سندھ نے سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ کنٹرول روم میں جاکر لیا جبکہ گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے مرکزی جلوس کے لئے لگائے گئے استقبالیہ کیمپوں کا دورہ بھی کیا۔مرکزی جلوس اپنے روایتی راستوں سے ہوتا ہوا نشترپارک پر اختتام پذیر ہوا،جلوس میں مختلف تنظیموں کی جانب سے نکالے گئے جلوس بھی شامل ہوگئے،شہر کی مساجد میں محفل میلاد کے اجتماعات بھی منعقد ہوئےجس میں نعت خوانی کی گئی،علماء کرام نے نبی کریم ﷺکی شان سیرت اور تعلیمات پر روشنی ڈالی،جشن ولادت کے مرکزی اور دیگر جلوس کے راستوں پر مختلف جماعتوں اور تنظیموں کی جانب سے استقبالیہ کیمپس لگائے گئے تھے، بڑے پیمانےپر نذر ونیاز تقسیم کی گئیں، شہر کی اہم شاہراہوں،عمارتوں،محلوں کو برقی قمقموں سے سجایا گیا تھا،ہر طرف سبز پرچموں کی بہاریں تھی۔اس موقع پر قانون نافذ کرنے والے اداروں نے سیکیورٹی کے سخت انتظامات کئے تھے۔ مرکزی جلوس کے روٹ کی طرف جانے والی تمام گلیوں اور سڑکوں کو کنٹینر لگا کر سیل کر دیا گیا تھا۔
113