71

کراچی میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے محکمہ سی ٹی ڈی کے ڈی ایس پی ہلاک

کراچی کے علاقے کریم آباد میں نامعلوم افراد نے فائرنگ کر کے محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) کے ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ آف پولیس )ڈی ایس پی) علی رضا اور ایک سکیورٹی گارڈ کو قتل کر دیا ہے۔

پولیس کے مطابق ڈی ایس پی علی رضا اور سکیورٹی گارڈ کو زخمی حالت میں عباسی شہید ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ دوران علاج دم توڑ گئے۔

پولیس نے بتایا ہے کہ ڈی ایس پی علی رضا پر دو حملہ آوروں نے فائرنگ کی، ایک حملہ آور نے اجرک اور دوسرے نے ہیلمٹ پہنا ہوا تھا۔

پولیس کے مطابق فائرنگ کی آواز نہیں سُنی گئی جس کا مطلب ہے کہ حملہ آور نے پستول پر سائلنسر لگایا ہوا تھا۔

پولیس کے مطابق واقعے کی جگہ سے نائن ایم ایم پستول کی گولیوں کے 11 خول ملے ہیں جبکہ فائرنگ سے ہلاک ہونے والا گارڈ قریب کی عمارت کی سکیورٹی پر تعینات تھا۔

ریسکیو ذرائع نے بتایا کہ ڈی ایس پی علی رضا کے سر میں گولی لگی۔

تھانہ عزیز آباد کے مطابق مقتول ڈی ایس پی کی عمر 45 برس تھی اور اُن کو تین گولیاں لگیں۔

علی رضا ڈی ایس پی سی ٹی ڈی انویسٹی گیشن تعینات تھے، وہ ماضی میں دھماکے میں مارے گئے ایس ایس پی چوہدری اسلم کے قریبی ساتھی تھے۔

دوسری جانب وزیر داخلہ سندھ ضیا الحسن لنجار نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ڈی آئی جی سی ٹی ڈی اور ایس ایس پی سینٹرل سے رپورٹ طلب کی ہے۔

وزیر داخلہ نے ہدایت کی ہے کہ حملے میں ملوث عناصر کی گرفتاری کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں