114

لیفٹینینٹ جنرل اپیندر دویدی: انڈیا کے نامزد آرمی چیف جنھیں ’کاؤنٹر انسرجنسی کا ماہر‘ سمجھا جاتا ہے

پاکستان میں ہر نئے آرمی چیف کی تقرری سے کئی ماہ پہلے ہی یہ بحث شروع ہو جاتی ہے کہ اس بار فوج کی سربراہی کے لیے کس کا انتخاب ہو گا، ملک کی سیاسی قیادت کس کو چنے گی، تاہم انڈیا میں یہ تعیناتی اکثر و بیشتر خاموشی سے ہی ہو جاتی ہے۔

اس بار انڈیا میں آرمی چیف کی تعیناتی کا معاملہ اتنی خاموشی سے مکمل نہیں ہوا جہاں انتخابات سے قبل جب گزشتہ مہینے مودی حکومت نے موجودہ آرمی چیف جنرل منوج پانڈے کی مدت ملازمت میں ایک ماہ کی توسیع کی تو اس کے اعلان کے ٹائمنگ پر قیاس آرائیاں شروع ہو گئی تھیں۔

قیاس آرائیوں کے ایک مختصر دور کے بعد نریندر مودی حکومت نے حلف اٹھانے کے تین دن بعد فوج کے نئے سربراہ کے عہدے کے لیے لیفٹیننٹ جنرل اپیندر دویدی کو نامزد کرنے کا اعلان کیا جو فی الحال وائس چیف آف دی آرمی سٹاف کے عہدے پر تعینات ہیں یعنی فوج کے نائب سربراہ کے طور پر خدمات انجام دے رہے ہیں۔

انڈیا کی وزارت دفاع کی جانب سے جاری ہونے والے اعلامیے کے مطابق جنرل اپیندر دویدی 30 جون کو اپنا نیا عہدہ سنبھالیں گے۔

لیفٹیننٹ جنرل دویدی کو چین اور پاکستان کے ساتھ انڈیا کی متنازع سرحدوں پر کام کرنے کا وسیع تجربہ ہے۔ فروری میں وائس چیف آف آرمی سٹاف کا عہدہ سنبھالنے سے پہلے وہ 2022-2024 تک ’ناردرن کمانڈ‘ کے جنرل آفیسر کمانڈنگ ان چیف کے طور پر خدمات انجام دے رہے تھے۔

وہ انڈیا کے زیر انتظام جموں و کشمیر میں انسداد دہشت گردی کی کوششوں کو مربوط کرنے میں سرگرم رہے ہیں اور حال ہی میں لداخ میں سرحد پر ہوئے تناؤ کے حل کے لیے چین کے ساتھ جاری مذاکرات میں بھی شامل رہے ہیں۔

جنرل اپیندر دویدی کون ہیں؟

انڈیا کی وزارت دفاع کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق 59 سالہ جنرل دویدی یکم جولائی 1964 کو پیدا ہوئے۔انھوں نے انڈیا کی فوج میں 1984 میں کمیشن حاصل کیا اور جموں کشمیر رائفلز کا حصہ بنے۔ اپنے 40 سالہ کیریئر کے دوران جنرل دویدی نے 18 جموں کشمیر رائفلز کی کمان بھی کی۔انھوں نے بطور انسپکٹر جنرل آسام رائفلز اور بعد میں انڈین فوج کی نویں کور کی کمان بھی کی۔مدھیہ پردویش کے ریوا میں واقع آرمی سکول، نیشنل ڈیفنس کالج اور امریکی آرمی وار کالج میں تعلیم حاصل کرنے کے بعد لیفٹیننٹ جنرل دویدی نے ڈی ایس ایس سی ویلنگٹن اور مہو میں واقع آرمی وار کالج میں بھی کورس کیے ہیں۔انھیں کارلیسل میں امریکی آرمی کے وار کالج میں اور این ڈی سی کے مساوی کورس میں ’ممتاز فیلو‘ سے نوازا گیا ہے۔انھوں نے ڈیفنس اینڈ مینجمنٹ سٹڈیز میں ایم فل اور سٹریٹجک سٹڈیز اور ملٹری سائنس میں دو ماسٹر ڈگریاں بھی حاصل کی ہیں۔وائس چیف کے عہدے پر تعیناتی سے قبل جنرل دویدی ڈائریکٹر جنرل انفنٹری اور جی او سی یعنی جنرل آفیسر کمانڈنگ شمالی کمانڈ رہ چکے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں